ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مندر مسجد اور اسٹیچو بنانے سے ملک کی ترقی نہیں ہوسکتی ہے :سگنیچر پُل کے افتتاح کے موقع پر دہلی وزیراعلیٰ کجریوال  کا بیان

مندر مسجد اور اسٹیچو بنانے سے ملک کی ترقی نہیں ہوسکتی ہے :سگنیچر پُل کے افتتاح کے موقع پر دہلی وزیراعلیٰ کجریوال  کا بیان

Sun, 04 Nov 2018 22:18:55    S.O. News Service

نئی دہلی4نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) رام مندر کے نام پر بپا کی جانے والی سیاست اور ہنگامہ کے درمیان دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے سنگنیچرپل کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی کجریوال نے کہا کہ مندر مسجد اور اسٹیچو بنوانے سے ملک کی ترقی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی ہاسپٹل، اسکول اورسنگنیچر پل بنانے سے ہوگی۔کجریوال نے پنڈت جواہر لال نہرو کو یاد کرتے ہوئے کہا، ملک کی خوش قسمتی ہے کہ ملک کو جواہر لال نہرو جیسا پہلا وزیر اعظم ملا۔ نہرو نے ایک ویژن کے ساتھ ملک کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے آئی آئی ٹی، بی ایچ ای ایل اور کئی انسٹی ٹیوٹ بنوائے۔ پنڈت نہرو بھی اگر مندر اور اسٹیچو بنواتے تو ملک ترقی نہیں کرپاتا۔

مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کو مندر اوراسٹیچو میں الجھا دیا ہے۔ اگر یہ مندر یا مسجد بناتے رہے تو آپ کو اپنے بچوں کو مندر میں پجاری بنانا پڑے گا۔کجریوال نے کہا کہ دہلی کو لال قلعہ اور قطب مینار سے جانا جاتا ہے اور اب سنگنیچر پل کی وجہ سے بھی دہلی جانی جائے گی ۔غیر ملکی سیاحوں کے بھارت میں آنے کے بعد ان کی فہرست میں سنگنیچرپل بھی ہوگا ۔وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی میں ایماندار حکومت نہ ہوتی تو اگلے 5 سال تک سنگنیچر پل نہیں بنتا۔

سنگنیچرپل کا کریڈٹ وزیر اعلی کجریوال نے نائب وزیر اعلی کو دیتے ہوئے کہا کہ صرف منیش سسودیا کی وجہ سے سنگنیچرپل بن پایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور انجینئرنگ سے ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔

واضح ہو کہ کل یعنی پیر سے سنگنیچر پل کے شاندار سفر کا مزا لیا جا سکے گا۔سنگنیچرپل کے افتتاح سے ٹھیک پہلے بی جے پی نے موقع پر پہنچ کر احتجاج کیا۔ دہلی بی جے پی صدر منوج تیواری اپنے حامیوں کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ منوج تیواری کے وہاں پہنچنے پر ہنگامہ شروع ہو گیا۔ اس دوران منوج تیواری کو غصہ آ گیا اور اُن کی  پولیس سے جھڑپ بھی ہوگئی ۔ بی جے پی دہلی صدر منوج تیواری نے کہا کہ میں نے پل کی تعمیر کو دوبارہ شروع کرایا تھا اور اب اروند کجریوال کے ہاتھوں افتتاحی تقریب منعقد کی جا رہی ہے ۔


Share: